کمٹہ21/اگست(ایس او نیوز)کمٹہ تعلقہ کے مرزان میں نئے ریلوے اسٹیشن کا سنگ بنیاد وزیر برائے ریلوے مسٹر سریش پربھو کے ہاتھوں رکھا گیا۔ اس سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چونکہ کمٹہ تعلقہ میں گوکرن ایک قومی اہمیت کا مذہبی مقام ہے اس لئے گوکرن ریلوے اسٹیشن کو ترقی دے کر اسے "ہیریٹیج ریلوے اسٹیشن "کا درجہ دیا جائے گا۔انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ اس تعلق سے کارروائی کا آغاز کردیا جائے۔واضح رہے کہ اس تقریب میں موجود ضلع انچارج وزیر مسٹر آر وی دیشپانڈے نے گوکرن کو ہیری ٹیج ریلوے اسٹیشن قرار دینے کی گزارش کرتے ہوئے میمورنڈم دیاتھا۔۔ اس درخواست کو قبول کرتے ہوئے سریش پربھو نے فوری اقدام کرنے کا یقین دلایا۔
انہوں نے کہا کہ ضلع شمالی کینرا کے بہت سارے ریلوے منصوبوں کو مرکزی سرکاری نے ہری جھنڈی دکھائی ہے۔انکولہ ہبلی ریلوے منصوبے کی تکمیل کے لئے مرکزی سرکار پوری طرح تیارہے۔تالگوپّا ہوناور ریلوے ٹریک کا سروے کرنے کے لئے 270کروڑ روپے بجٹ میں مختص کیے گئے ہیں۔سرسی ہاویری اور سداپورتالگوپاّ ٹریک کا سروے کیا جارہا ہے۔کمٹہ اور ہوناور کے ریلوے اسٹیشنوں پر اضافی پلیٹ فارم کی تعمیر اور جدید کاری کا کام کیا جائے گا۔کاروار کے موڈگیری میں ریلوے اوور ہیڈ برج کی تعمیر کے مطالبے کا جائزہ لیا جائے گا۔

مہا راجہ مانسون پیکیج: جدید سہولتوں سے آراستہ ریلوے کے"مہا راجہ گولڈن چیریٹ پیکیج "سے استفادہ کرنے کے لئے جنوبی ہند میں زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں گے۔آئندہ سال برسات کے موسم مہاراشٹرا، گوا اور کرناٹکا کی ریاستوں میں " مہا راجہ مانسون پیکیج"کی سہولت شامل کی جائے گی۔ اس سے ٹورازم ڈپارٹمنٹ کو زیادہ فائدہ پہنچے گا۔سریش پربھو کے مطابق کونکن ریلوے کا ڈبلنگ کا کام مہاراشٹرا سے شروع کیا جائے گا۔اور مرحلہ وار پورے کونکن ریلوے ٹریک کو ڈبل کیا جائے گا۔اس کے علاوہ اسٹیشنوں کی جدید کاری، صفائی ستھرائی وغیرہ پر پورا دھیان دیا جائے گا۔
ریاستی سرکار کے ساتھ معاہدہ: انہوں نے کہاریاست کرناٹک میں انجام دئے جانے والے ریلوے منصوبوں کی تکمیل اوربنگلورو سب اربن ریلوے کے آغاز کے لئے آئندہ دس دنوں کے اندرریاستی حکومت اور محکمہ ریلوے کے بیچ معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔اڈپی میں رام کرشنا ہیگڈے ریلوے تربیتی مرکز قائم کیا گیا ہے۔ نجی شراکت داروں کے ساتھ اس کی جدید کاری عمل میں آئے گی۔گوا میں قائم ٹنّیل ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ کو مزید ترقی یافتہ بنایا جائے گا۔
اس موقع پر ضلع انچارج وزیر دیشپانڈے نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے منصوبوں کی تکمیل کے لئے ریاستی حکومت کی طرف سے 50%فنڈ فراہم کرنے کے لئے تیارہے۔اور مطالبہ کیا کہ ڈانڈیلی امبے واڈی ٹریک پر جلد سے جلدریلوے کی آمد و رفت کا آغاز کرنا چاہیے۔ہبلی انکولہ ٹریک پر ریاستی سرکار نے از سرنو سروے کا کام مکمل کرلیا ہے اور جنگلاتی نقصان کو کم سے کم کردیا ہے۔اس بارے میں حکومت کی طرف سے تجویز جلد ہی پیش کی جائے گی۔
اس تقریب میں ضلع ایم پی اننت کمار ہیگڈے، ضلع پنچایت صدر جئے شری موگیر، ایم ایل اے شاردا شیٹی،ضلع ڈپٹی کمشنر ایس ایس نکول،ریلوے سی ایم ڈی سنجئے گپتااور ریجنل منیجر عاصم سلیمان وغیرہ موجود تھے۔